منگل 27 اکتوبر 2026 - 14:06
حقیقی شکر نعمت یہ ہے کہ اللہ کی نعمتوں کو اس کی اطاعت میں استعمال کیا جائے: حجۃ الاسلام والمسلمین انصاریان

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین حسین انصاریان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا حقیقی شکر صرف زبان سے الحمدللہ کہنے میں نہیں، بلکہ ان نعمتوں کو اللہ کی اطاعت، نیک کاموں اور دوسروں کی خدمت میں اس نعمت کو استعمال کرنے میں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین حسین انصاریان نے ایام فاطمیہ کے دوران ماتم کدہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا میں خطاب کرتے ہوئے حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے علمی مقام پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے امام سجاد علیہ السلام کے اس قول کا حوالہ دیا جس میں آپ نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کو ایسہ عالمہ قرار دیا جنہوں نے کسی سے باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی تھی، اور ایسی صاحبِ فہم و فراست قرار دیا جنہیں کسی نے انہیں نہیں سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کلمات حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے بلند علمی مقام کو ظاہر کرتے ہیں اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت و علم کی عظمت کو بھی سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔

حجۃ الاسلام والمسلمین انصاریان نے کہا کہ دینی تعلیمات کے مطابق انبیائے کرام علیہم السلام، ائمہ معصومین علیہم السلام اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا علم اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے اہل بیت علیہم السلام کے علمی اور معنوی مقام کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فضیلت کو صرف عام انسانی پیمانوں سے نہیں ناپا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتیں صرف مال و دولت اور مادی سہولتوں تک محدود نہیں، بلکہ عقل، صحت، ایمان، ہدایت، خاندان اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و اہل بیت علیہم السلام کی معرفت بھی بڑی نعمتیں ہیں۔ قرآن مجید کے مطابق، اگر انسان اللہ کی نعمتوں کو شمار کرنا چاہے تو ان کا شمار نہیں کر سکتا۔

انہوں نے زور دیا کہ حقیقی شکرگزاری عمل سے ظاہر ہوتی ہے۔ اگر انسان اپنی عقل کو حق پہچاننے کے بجائے غلط کاموں میں، آنکھوں کو گناہ میں، کانوں کو غیبت اور تہمت سننے میں اور زبان کو دوسروں کی توہین کرنے میں استعمال کرے تو وہ ان نعمتوں کا صحیح شکر ادا نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ انسان کو چاہیے کہ اپنی تمام صلاحیتوں اور وسائل کو اللہ تعالیٰ کی رضا، نیک کاموں اور دوسروں کی خدمت کے لیے استعمال کرے۔ یہی نعمتوں کا حقیقی شکر ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha